امریکی اخبارواشنگٹن پوسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی انٹیلی جنس نے جنوری میں خبردار کر دیا تھا کہ کورونا وبا کی شکل اختیار کر سکتا ہے جس کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات کرنا ضروری ہیں لیکن صدر نے کورونا پر وارننگ کو اہمیت نہیں دی، اگر وہ پیشگی اقدامات کر لیتے تو وائرس کا پھیلاؤ سست کیا جا سکتا تھا۔
انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق وقت پر ایکشن نہ لینے پر سابق خاتون اول اور ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنوری میں پتا چل چکا تھا کہ کورونا وبا کی شکل اختیار کر رہا ہے، پھر بھی صدر ٹرمپ نے مارکیٹ میں خوف پھیلنے کے ڈر سے کوئی ایکشن نہیں لیا اوراس طرح تیاریوں کے لیے دستیاب کئی ہفتے ضائع کر دیئے جو اب واپس نہیں آ سکتے۔
واضح رہے کہ امریکا میں بھی کووڈ-19 کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 46 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں جس کے مجموعی اموات کی تعداد 348 جب کہ متاثرین کی تعداد 26 ہزار 859 ہو گئی ہے