
کشمیر میں اردو کا مستقبل
اگست 2019 کو بھارتی حکومت نے کشمیر کی آئینی حیثیت کو بزور طاقت ختم کرکے خطے کے مسلم تشخص کو ببانگ دہل ختم کرنے کا آغاز کر دیا۔ اس میں ریاست میں اردو کی مرکزی حیثیت کو ختم کرنا اور کشمیری زبان کے رسم الخط کو بدل دینا بھی شامل ہے۔
اردو کے بارے میں مودی سرکار کے مستقبل کے پلان کا اندازہ صرف دس دن بعد اس وقت ہوا جب بھارت کے یوم آزادی 15 اگست کی سرکاری تقریب میں ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے اپنا خطاب شدھ ہندی میں کیا جو محصور کشمیریوں کو سرکاری ٹیلیوژن کی وساطت سے دیکھنے کو ملا۔
مجھے نہیں معلوم کہ اس پر کسی جانب سے کوئی تبصرہ بھی ہوا یا نہیں کیونکہ اس وقت ہم سب سخت ترین محاصرے میں اور بیرونی دنیا سے مکمل طور پرکٹے ہوئے تھے۔ مگر گورنر صاحب کے خطاب کے بعد ہمیں مستقبل قریب کی خوفناک صورتحال کا بخوبی ادراک ہوگیا تھا۔ اس سے پہلے کشمیر میں گورنر راج کے کئی ادوار میں سرکاری تقریبات میں تقریریں ہ...