ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ تہران کی جوہری مہم سے متعلق بحران کو ختم کرنے کے بارے میں فرانسیسی صدر عمانوئل میکرون کی تجاویز درست سمت میں ایک اقدام ہیں ، اگرچہ ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
پیرس میں اس حوالے سےاہم بات چیت کے لئے میکرون سے ہونے والی ملاقات کے بعد ، ظریف نے اے ایف پی سےبات کرتے ہوئے کہا کہ میکرون نے گذشتہ ہفتے صدرحسن روحانی کو کچھ تجاویز پیش کیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ صحیح سمت کی طرف گامزن ہیں ، حالانکہ ابھی ہمیں اس حوالے سے بہت کچھ کرنا ہے
ظریف نے مزید کہا کہ فرانسیسی صدر اب یورپی اور دوسرے شراکت داروں سے بات کرنے کے لئے جا رہے ہیں تاکہ یہ دیکھ سکیں کہ ہم اس سلسلے میں کس قدر پیش رفت کر سکتے ہیں۔
وزیر نے اس بات کی تصدیق کی کہ اگر تہران کو یقین ہو جائے کہ یورپ جوہری معاہدے میں طے کی گئی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا شروع کر دے گا تو ایران اس کے بعد اپنے جوہری پروگرام کو بڑھانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو منجمد کر سکتا ہے۔ ظریف نے یہ بھی واضح کیا کہ جوہری معاہدے میں امریکہ کی شمولیت کے بغیر بھی اس مسئلے کو حل کرنا ممکن ہے۔
