نہرِ سوویز کا اولین منصوبہ حضرت عمر کے دور میں تیار ہوا تھا
پہلے کرونا وائرس نے دنیا کو جھنجھوڑا، اب نہرِ سوویز میں پھنسے جہاز نے ایک اور وارننگ دے دی ہے کہ جدید دنیا اتنی مستحکم نہیں ہے جتنا ہم اسے سمجھتے ہیں اور چھوٹا سا ایک واقعہ اسے ہلا کر رکھ سکتا ہے۔
پچھلے ہفتے سوویز میں پھنس جانے والے دیوقامت بحری جہاز کی وجہ سے روزانہ دنیا کو نو ارب ڈالر سے زیادہ نقصان ہو رہا ہے اور جہاز نکل جانے کی صورت میں بھی بننے والا بدترین ٹریفک جام کئی ہفتوں بعد جا کر صاف ہو گا۔
اس خبر کے بعد سے دنیا کی توجہ نہرِ سوویز کی طرف مبذول ہوئی ہے، لیکن کم ہی لوگ جانتے ہیں کہ اس نہر کا اولین منصوبہ دوسرے خلیفہ حضرت عمر کے دور میں تیار ہوا تھا، لیکن بوجوہ اس پر عمل نہیں ہو سکا، جس کی تفصیل نیچے آ رہی ہے۔
نہر کھدوانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ اس کی تفصیل مولانا شبلی نعمانی اپنی مشہور کتاب ’الفاروق‘ میں بیان کرتے ہیں۔ انہوں نے لکھا ہے: ’اس کی مختصر تاریخ یہ ہے کہ 18 ہجری...