سینیئر بھارتی سیاستدان اور کانگریس کے رہنما ششی تھرور نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں قائد اعظم محمد علی جناح کا دو قومی نظریہ جیت رہا ہے۔
لوک سبھا کے رکن ششی تھرور کا کہنا تھا کہ اگر متنازع شہریت بل کو نافذ کیا گیا تو یہ بانی پاکستان محمد علی جناح کے نظریے کی جیت ہوگی۔ششی تھرور کا کہنا تھا کہ اسی طرح شہریت کے قانون سمیت دیگر متنازع قوانین جیسے این سی آر (نیشنل رجسٹریشن سرٹیفکیٹ) اور این پی آر (نیشنل پاپولیشن رجسٹریشن) کا اطلاق کیا گیا تو سمجھیں کہ محمد علی جناح کی جیت مکمل ہوگئی۔
انھوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کے غیرقانونی اور متنازع شہریت قانون سےایک خاص کمیونٹی کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور لہٰذا آج اگر جناح ہوتے تو وہ یہ کہ سکتے تھے کہ ان کا دو قومی نظریہ حق پر تھا اور مسلمان ایک علیحدہ وطن کے حقدار تھے کیونکہ ہندو اور مسلمان ایک نہیں ہوسکتے۔
خیال رہے کہ بھارت میں دسمبر 2019 سے شہریت کے متنازع قانون کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے ۔اس قانون کے تحت پاکستان، بنگلا دیش اور افغانستان سے بھارت جانے والوں کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو نہیں۔ جبکہ متنازع شہریت کے قانون کو مختلف بھارتی ریاستیں نافذ کرنے سے انکار کرچکی ہیں اور اس قانون کو سپریم کورٹ میں بھی چیلنج کیا گیا ہے
