ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں نے ایرانی معیشت کا گلا گھونٹ کر رکھ دیا ہے اور ایران بنکوں پر عائد کردہ پابندیوں کی وجہ سے ایک ڈالر بھی اندرونِ ملک نہیں لا سکتا۔
یاد رہے کہ ایرانی حکومت کی طرف سے بار بار کہا جاتا رہا ہے کہ تہران پر لگائی گئی امریکی پابندیاں غیر مؤثر ثابت ہو رہی ہیں مگر ایران کے نائب صدر نے نہ چاہتے ہوئے بھی سچ کہہ دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ‘ایسنا’ کے مطابق ایرانی نائب صدر اسحاق جہاںگیری نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ امریکہ کی ایرانی بنکاری نظام پرعائد کی گئی پابندیوں سے ایران ایک ڈالر بھی بیرون ملک سے نہیں لا سکتا۔ حتیٰ کہ ہم بیرون ملک اپنی رقوم بھی نہیں لا پا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی تیل پر عائد پابندیاں اب تک کی سب سے زیادہ سخت پابندیاں ہیں۔ اوران کو پوری دنیا میں نافذ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ہمارے تیل بردار جہازوں کا تعاقب کیا جاتا ہے اور انہیں روکنے والے ممالک کے امریکی عہدے داروں سے رابطے ہوتے ہیں۔
انہوں نے سوئٹرزلینڈ کے توسط سے ایران کو ادویات کی فراہمی کو امریکی پروپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سال ایران میں تین ارب ڈالر کی ادویات لائی گئی ہیں اور ہم نے اس کے پیسے ادا کیے ہیں۔
