غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں وائرس کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے تحت ملک بھر میں کئی کالجز اور یونیورسٹیوں میں طلبہ کی کلاسوں میں حاضری فی الحال ختم کرکے کورسز کو آن لائن کردیا گیا ہے۔ کلاسیں ختم کرنے اور آن لائن کورس شفٹنگ کا فیصلہ امریکہ کی وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں میں کیاگیا ہے جن میں ریاست کیلی فورنیا، نیویارک اور واشنگٹن شامل ہیں۔
امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی اور میساچیوسٹس نے آئندہ ہفتے سے طلبہ کو کیمپس میں نہ آنے کی ہدایت کی ہے اور 23 مارچ سے آن لائن کلاسز کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔اس کے علاوہ کولمبیا یونیورسٹی، پرنسٹن، اسٹین فورڈ، اوہائیو اسٹیٹ، جنوبی کیلیفورنیا اور یونیورسٹی آف واشنگٹن کی جانب سے بھی سماجی رابطے کم کرنے کے لیےاہم اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ پرنسٹن اور نیو جرسی یونیورسٹی نے تمام لیکچرز، کورس اور سیمینارز کو آئندہ ہفتے سے آن لائن کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب امریکہ بھر میں متعدد اسکولز اور عبادت گاہیں بھی بند کردی گئی ہیں جب کہ کانفرنسز، کھیلوں کے مقابلے اور کنسرٹس کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں اب تک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 800 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ سرکاری اعدادو شمار میں 28 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں اور 4 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔
