امریکی ریپبلکن سینیٹر لنزے گراہم کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدام سے فوری نمٹنا ہوگا۔
امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے پاکستان کےوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا -لنزے گراہم نےاپنےٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ پاکستانی وزیرخارجہ سے ٹیلی فونک رابطے میں کشمیر میں بڑھتی کشیدہ صورتحال پر بات ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ مزید کشیدگی بڑھنے سے پہلے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدام سے فوری نمٹنا ہوگا۔
ٹوئٹر پیغام میں امریکی سینیٹر نے حالیہ صورتحال پر امید ظاہر کرتے ہوئے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ پاک بھارت تناؤ کم کرنے میں دونوں ممالک کو تعاون فراہم کرے گی۔ لنزے گراہم نے پیغام کے آخر میں واضح کیا کہ کشمیر پر پاک بھارت فوجی محاذ آرائی خطے اور دنیا کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہے۔