امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز ایک ٹویٹ میں کہا ہےکہ ان کی حکومت ایرانی عوام پر مسلط مذہبی سوچ سے آزادی کے لیے حمایت جاری رکھے گی۔ ایران اپنے ہی عوام کو طاقت کے ذریعے کچل کر ہلاک کررہا ہے۔ اپنے آئینی حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کرنے والوں پر گولیاں چلائی جاتی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ ایرانی عوام کے حقوق کی حمایت میں ان کےساتھ کھڑی ہو۔
ٹرمپ نے مظاہرین پر ایرانی سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نکلنے والے پرامن جلوسوں پر فائرنگ اور نہتے شہریوں کی ہلاکتیں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں شامل ہیں۔ صرف احتجاج کرنے پر ایران میں بے شمار لوگ مار دیے گئے۔ یہ انتہائی خوفناک ہے۔
واضح رہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اچانک اضافے کے اعلان کے بعد 15 نومبر کو ایران میں مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔ ایرانی حکومت نے اچانک تیل کی قیمتوں میں 200 فی صد اضافے کا اعلان کردیا تھا جس پرعوام آپے سے باہر ہوگئے اور احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر آگئے تھے۔
