امریکی صدر نے شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکہ کی دشمنی میں سب کچھ کھوبیٹھیں گے۔خیال رہے کہ صدرٹرمپ نے یہ دھمکی آمیز بیان شمالی کوریا کے کسی نئے بڑے ہتھیار کے تجربے کے ردعمل میں جاری کیا ہے۔
شمالی کوریا کی اکیڈیمی برائے نیشنل ڈیفنس سائنس کے ترجمان نے ہفتے کے روز تصدیق کرتے ہوئےایک بیان میں کہا تھا کہ ہفتے کے روز سوہائی خلائی مرکز سے بہت اہم تجربہ کیا گیا ہے جس سے شمالی کوریا کی ’’تزویراتی پوزیشن‘‘ کو تبدیل کرنے میں اہم پیش رفت ہو سکے گی ۔تاہم اس بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ تجربہ کہاں اور کس ’’اہم ہتھیار‘‘ کا کیا گیا ہے۔
شمالی کوریا کے اس تجربے پر ردعمل دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’کِم جونگ اُن بہت ہوشیار بنتے ہیں، انھیں اسی حساب سے بہت کچھ کھونا پڑےگا۔ اوراگر وہ اسی معاندانہ طرز عمل کو جاری رکھتے ہیں تو وہ ہر چیز کھودیں گے ،، ۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور کِم جونگ ان کے درمیآن 2017ء میں کئی ماہ تک ایک دوسرے خلاف توہین آمیز بیانات جاری کرتے رہنے سے دونوں ملکوں میں سخت تناؤ پیدا ہوگیا تھا لیکن حکام کی سفارتی کوششوں کے بعد جون 2018ء میں ٹرمپ اور کم جونگ کے درمیان سنگاپور میں پہلی بالمشافہ ملاقات ہوئی تھی البتہ اس میں کوریا کے خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی تھی۔
صدر ٹرمپ نے باور کرایا ہے کہ ’’کِم نے جون 2018ء میں سنگاپور میں ملاقات کے موقع پر جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری کے لیے ایک مضبوط سمجھوتے پر دستخط کیے تھے۔کِم جونگ نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ’’ وہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے ساتھ خصوصی تعلقات کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے اور امریکہ میں نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں بھی کوئی مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔‘‘
