عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی، واڈا نے روس پر سنہ 2020 میں ٹوکیو میں منعقد ہونے والے اولمپکس مقابلوں اور قطر میں فٹبال ورلڈ کپ 2022 سمیت تمام بڑے کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت پر چار سال کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔
اس پابندی کا مطلب یہ ہےکہ ان اولمپکس مقابلوں اور قطر میں فٹبال ورلڈ کپ میں نہ روس کا جھنڈا لہرا سکے گا اور نہ ہی اس کا قومی ترانہ بجے گا۔
لیکن وہ روسی ایتھلیٹس جو یہ ثابت کریں گے کہ انھوں نے کسی قسم کی ممنوعہ ادویات استعمال نہیں کیں وہ ان مقابلوں میں انفرادی حیثیت میں حصہ لے سکیں گے لیکن ملک کے نمائندہ نہیں ہوں گے۔
یاد رہے کہ یہ فیصلہ روس کی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی، روساڈا کی جانب سے جنوری سنہ 2019 میں تحقیق کاروں کو تبدیل شدہ لیبارٹری ڈیٹا فراہم کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سنہ 2015 سے بحیثت ملک روس اتھلیٹکس میں حصہ نہیں لے سکا ہے۔
نو دسمبر کو جاری کی جانے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہزار سے زیادہ روسی کھلاڑیوں کو سنہ 2011 سے 2015 کے درمیان ڈوپنگ پر رازداری برتنے سے فائدہ پہنچا ہے۔
