ابتدائی نتائج کے مطابق برطانیہ کے قبل از وقت عام انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی نے واضح اکثریت حاصل کر لی ہے ۔ 650 کے ایوان میں کنزرویٹو پارٹی نے 364 نشستیں حاصل کیں جب کہ لیبر پارٹی 203 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
برطانیہ کے 650 نشستوں پر مشتمل ایوان میں کسی بھی جماعت کو سادہ اکثریت حاصل کرنے کے لیے 326 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔ جمعرات کو ہونے والی پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
کنزرویٹو پارٹی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے جس کے بعد برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی کا طویل مدتی انتظار بھی ختم ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کے معاملے پر 2016 میں ہونے والے ریفرنڈم کے بعد جمعرات کو تیسری مرتبہ عام انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔وزیرِ اعظم بورس جانسن اپنی انتخابی مہم کے دوران، ‘بریگزٹ ممکن بنایا جائے گا’ کا اعلان کرتے رہے ہیں۔
دوسری جانب لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوربن نے انتخابات کے مکمل نتائج کی آمد سے قبل ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ آئندہ انتخابات میں پارٹی کی قیادت نہیں کریں گے۔ جیریمی کوربن کے اعلان سے خیال کیا جارہا ہے کہ لیبر پارٹی نے شکست تسلیم کر لی ہے۔
