امریکہ اور کینیڈا کے بعد اب برطانیہ نے بھی اپنے شہریوں کو بھارت کے ہنگاموں سے متاثرہ علاقوں میں جانے سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں شہریت کے متنازع بل کی منظوری کے بعد سے بڑے پیمانے پر مظاہرے جاری ہیں جن میں اب تک 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں ۔ بھارتی پولیس کی جانب سے نئی دہلی کی جامعہ ملیہ یونیورسٹی میں لڑکیوں اور لڑکوں کے ہاسٹل پر حملہ کیا گیا اور یونیورسٹی مسجد کے پیش امام کو بھی زدوکوب کیا گیا۔
اس پر تشدد صورت حال کو دیکھتے ہوئے برطانیہ نے اپنے شہریوں کو سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی شہری بھارت کے شمال مشرقی علاقوں کے سفر سے گریز کریں۔
علاوہ ازیں اسرائیل اور سنگاپور نے بھی اپنے شہریوں کو بھارت کے افراتفری کا شکار علاقوں میں سفر کرنے سے گریز کا مشورہ دیتے ہوئے محتاط رہنے کا کہا ہے
