جاپانی وزیراعظم شینزوآبے نے کہا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں جاپانی فوج تعینات کریں گے ۔ یہ تعیناتی ملکی دفاع کے حوالے سے ان کے منصوبے کا ایک حصہ ہے ۔ شینزوآبے کے مطابق یہ فوج جاپان کے مفادات کے تحفظ کے حوالے سے ذمہ داریاں انجام دے گی اور سمندری گزرگاہوں میں سے گزرتے مال بردار بحری جہازوں کی حفاظت اس کی اولین ذمہ داری ہوگی ۔
انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ شینزو آبے نے خلیج فارس میں بڑھی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ جاپانی وزیراعظم نے ملکی فوج کی تعیناتی کا یہ منصوبہ گزشتہ ماہ پیش کیا تھا۔
