روس میں حکمران پارٹی ’متحدہ روس‘ نے اپنے ایک اجلاس میں نامزد ملکی وزیر اعظم میخائل میشُوسٹِن کے نام کی متفقہ منظوری دے دی۔ اب پارلیمنٹ نئے وزیر اعظم کی نامزدگی کی توثیق کرے گی۔ روسی پارلیمنٹ کا ایوانِ زیریں دُوما آج جمعرات سولہ جنوری کو کسی بھی وقت اپنے ایک خصوصی اجلاس میں میخائل میشوسٹن کی نامزدگی کی منظوری دے دے گا۔ دوما میں حکمران جماعت کو واضح برتری حاصل ہے اور توثیق مشکل نہیں ہو گی۔
صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے دستوری ترامیم متعارف کرانے کی تجاویز کے تناظر میں کئی برسوں تک وزیر اعظم رہنے والے دیمیتری میدویدیف کل بدھ کو اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہو گئے تھے۔۔ پوتن نے مجوزہ دستوری ترامیم کی تفصیلات کا اعلان ابھی نہیں کیا۔ اس موقع پر پوتن نے انہیں روسی قومی سلامتی سے متعلق اہم ادارے روسی سیکیورٹی کونسل میں ڈپٹی سیکرٹری کے نئے عہدے کے منصوبے سے متعلق آگاہ کیا اور انہیں اس عہدے کی پیشکش بھی کی۔
قوم سے اپنے سالانہ خطاب میں روسی صدر نے پارلیمنٹ کو وزیراعظم منتخب کرنے سمیت مزید اختیارات دینے کی تجویز پیش کی ہے۔خیال رہے کہ روسی آئین کے تحت وزیراعظم کا تقرر صدر، پارلیمنٹ کی منظوری سےکرتا ہے۔ولادی میر پوتن نے مجوزہ آئینی اصلاحات کے لیے ریفرنڈم کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔
