امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھارت آمد سے قبل نئی دہلی میں شدید جھڑپیں ہوئیں جن کے باعث ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 24 گھنٹوں کے بعد دوسری بار دہلی میں جھڑپیں ہوئیں جن میں بی جے پی کے انتہا پسندوں نے شہریت بل کے خلاف احتجاج کرتی عوام پر دھاوا بول دیا اور مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا جبکہ دہلی میں مظارین پر پتھراؤ کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والا پولیس افسر رتن لال پولیس میں ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر کام کر رہا تھا۔ پتھراؤ کے دوران متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) امیت شرما بھی زخمی ہوئے ہیں جنھیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انتہا پسندوں نے مسلم اکثریتی علاقے جعفر آباد اور موج پور میں گھروں کو بھی نذر آتش کیا ۔ دہلی کے علاقے موج پور، چاند باغ، کردمپوری اور دلیاپور کے علاقوں میں حالات کشیدہ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز موج پور کے علاقوں میں مسلم خواتین نے شہریت بل کے خلاف دھرنا دیا تھا جب بی جے پی کا مقامی رہنما انتہا پسندوں کے ساتھ دھرنا ختم کرانے آیا تو انتہا پسندوں نے دھرنے پر پتھراؤ بھی کیا۔
