ڈنمارک کے سیاست دانوں کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اچانک ڈنمارک کادورہ منسوخ کرکے ڈینش ملکہ کو ناراض کردیاہے۔ واضح رہے کہ ڈنمارک کے امریکہ کو گرین لینڈ فروخت کرنے سے انکار کے بعد ٹرمپ نے اس دورے سے انکار کردیاتھا۔
بدھ کے روز جب وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن نے ڈنمارک سے گرین لینڈ خریدنے کےٹرمپ کے منصوبے کے بارے میں بات چیت سے انکار کردیاتو جواباً ٹرمپ نے ستمبر میں کیا جانے والا اپنا دورہ ڈنمارک ملتوی کردیا۔
ڈنمارک کے سیاست دان ٹرمپ کے فیصلے سے پریشان ہوگئے۔ کچھ نے تو یہاں تک کہا کہ ان کے اچانک اقدام نے ملک کی حکمران ملکہ مارگریٹ دوم کو ناراض کردیا ہےجس نے ٹرمپ کو باضابطہ ڈنمارک کے دورے کی دعوت دی تھی۔ ڈینش پیپلز پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ، سورن ایسپسن نے خبر رساں ایجنسی رٹزاؤ کو بتایا ، کہ یہ اخلاقیات کے خلاف ہے اور میزبان کی حیثیت سے ملکہ کی یہ بہت بڑی توہین ہے۔