مغربی یورپ کے حسین ملک نیدرلینڈز کی ملکہ میکسیما نے پاکستان کے دورے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملکہ میکسیما زوریٹا رواں ماہ پاکستان کا 3 روزہ دورہ کریں گی۔ ملکہ کا یہ دورہ 25 سے 27 نومبر تک ہوگا۔
اپنے دورے کے دوران ملکہ میکسیما پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گی۔ اس کے علاوہ ملک کی دیگر اعلیٰ شخصیات سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، جن میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ پر خصوصی بات چیت کی جائے گی۔
یاد رہے کہ فروری 2016 میں بھی ملکہ میکسیما نے پاکستان کا تین روزہ دورہ کیا تھا، ملکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی وکیل برائے ترقی ہیں۔
واضح رہے کہ رواں برس اگست میں پاکستان میں کاروباری ماحول میں بہتری کے باعث نیدرلینڈز نے پٹرولیم اور ایل این جی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔ ڈچ کمپنی رائل ووپیک کے وفد نے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے ملاقات کی جس میں پاکستان میں 2 ارب 80 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کیا۔
ڈچ کمپنی نے کیمیکل انڈسٹری میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پربھی زور دیا تھا۔ خیال رہے کہ رائل ووپیک دنیا بھر میں تیل، کیمیکل، خوردنی تیل اور قدرتی گیس سے متعلق مصنوعات کو ذخیرہ کرنے اور سنبھالنے میں مہارت رکھتی ہے۔