ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلیمی نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو ریڈلائن عبور کرنے کی صورت میں برباد کرنے کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق دارالحکومت تہران میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلیمی نے کہا کہ اگر امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے ایرانی حدود کو عبور کیا تو ہم انہیں برباد کردیں گے۔
انھوں نے امریکہ، برطانیہ، اسرائیل اور سعودی عرب پر الزام عائد کیا کہ وہ ایران میں بدامنی پھیلانے کے بھی مرتکب ہیں اور ایسے کئی عناصر کو ایرانی فورسز ہلاک بھی کرچکی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہم نے ایران کے خلاف امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کے مخالفانہ اقدامات کے سامنے بھی صبر کا مظاہرہ کیا لیکن اب اگرامریکہ اور اس کے اتحادیوں نے ہماری ریڈلائن کو عبور کیا تو ہم انہیں برباد کردیں گے۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ریلی میں ہزاروں افراد نے ایرانی پرچم لہراتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بعض شرکا نے امریکی پرچم بھی نذر آتش کیے۔
