کشمیر میڈیا سروس نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقعے پر بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی سے شہید ہونے والی خواتین کے متعلق رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق تنازع کشمیر کی وجہ سے کشمیری خواتین بری طرح متاثر ہوئی ہیں جس میں ہزاروں خواتین کی عصمت دری اور نظر بندی کی گئی جب کہ ہزاروں خواتین کو شہید بھی کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 30 سال میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 2 ہزار 377 خواتین شہید کی گئیں ، 11 ہزار175 خواتین کی عصمت دری کی گئی اور 22 ہزار 910 خواتین بیوہ ہوئیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی سمیت 6 کشمیری خواتین رہنما اس وقت بھی بھارتی جیلوں میں ظلم کا شکار ہیں۔
دوسری جانب کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ قابض بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں محاصرے کی آڑ میں فائرنگ کرکے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
