اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل پر حملہ کیا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔دارالحکومت تل ابیب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل امریکہ کے ساتھ کھڑا ہے اور جنرل سلیمانی کے خلاف امریکی کارروائی پر ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ 3 جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے ائیرپورٹ کے باہر امریکی ڈرون حملے میں ایرانی القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی ،عراقی ملیشیا کمانڈر ابو مہدی المہندیس دیگر 9 رفقاء سمیت ہلاک ہوگئے تھے۔جنرل قاسم کی ہلاکت کے بعد ایران نے امریکہ سے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا ۔ ایران کے جنوبی صوبہ کرمان میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل ابو حمزہ نے کہا تھا کہ ’خطے میں 35 کے قریب امریکی اہداف کے ساتھ ساتھ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب بھی ایران کے نشانے پر ہے‘۔
ایران کی دھمکیوں کے جواب میں اسرائیل نے بھی جوابی ردعمل کا اعلان کیا ہے۔ نیتن یاہو نے دھمکی دی کہ جو بھی اسرائیل پر حملہ کرے گا، اُس پر جوابی حملے کی گونج دور تک سنائی دے گی۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی میزائل حملوں میں کسی بھی جانی نقصان کی تردید کی ہےاور ایران پر مزید پابندیاں لگانے کی دھمکی اور ساتھ مل کر کام کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔
