مہلک کرونا وائرس 162 ملکوں تک پھیل چکا ہے اور دنیا بھر میں اس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار 735 ہوگئی ہے جبکہ اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 896 ہوچکی ہے۔
موجودہ عالمی صورت حال یہ ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اٹلی، اسپین، فرانس اور ملائیشیا میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے ۔ برطانوی حکومت اس حوالے سے سنجیدگی سےغور کررہی ہے۔سعودی عرب، ترکی اور متحدہ عرب امارات میں باجماعت نماز پر پابندی لگادی گئی ہے جب کہ ایران اور عراق میں نماز جمعہ کی ادائیگی بھی روک دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے وائرس سے سب سے زیادہ نقصان بھی چین کا ہوا ہے تاہم اب چین میں اس مہلک وائرس پر قابو پا لیا گیا ہے کیونکہ نئے کیسز کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ چینی حکام کے مطابق کورونا وائرس کے 21 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس میں سے ایک کورونا وائرس کے مرکز صوبہ ہوبے میں جب کہ دیگر کیسز کی تصدیق بیرون ملک سے آنے والوں میں ہوئی ہے۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق 24 گھنٹوں میں چین میں 13 نئی ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار 226 ہوگئی ہے۔چین بھر میں مریضوں کی تعداد 80 ہزار 800 سے بڑھ گئی ہیں ،جس میں سے اب تک 68 ہزار 679 مریض صحت یاب ہو گئے اور 8 ہزار 976 افراد کا چین کے اسپتالوں میں علاج جاری ہے
دنیا بھر کے سائنسدان مہلک کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کے لیے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں۔
