امریکی صدر ٹرمپ شروع سے چین کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں جبکہ چین نے اس اپنے خلاف امریکہ کا بائیولوجیکل حملہ قرار دیا ہے ۔گذشتہ روز صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کرونا کو پھر چینی وائرس کہہ دیا جس پر چینی وزارت خارجہ نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ وہ چین کو برا کہنے کی بجائے اپنے کام پر دھیان دیں۔اس سے پہلے امریکی اہل کاراور وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی اسے کئی بار ووہان وائرس کہہ چکے ہیں۔
خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے وائرس کو کسی خاص برادری یا علاقے سے جوڑ کر دکھانا غلط ہے۔
یاد رہے کہ چین پہلے ہی کرونا وائرس امریکہ کی جانب سے ووہان میں پھینکے جانے کا خدشہ ظاہر کر چکا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے چند روز قبل کہا تھا کہ ہو سکتا ہے کرونا وائرس امریکی فوج نے چین منتقل کیا ہو جس پر امریکہ کی جانب سے چین پر جوابی نشتر چلائے گئے تھے۔
