کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی سربراہان کونسل کا اجلاس ختم ہوگیا ،متفقہ اعلامیے پر دستخط ہوگئے۔ ایس سی او سمٹ 2019 کے اعلامیے میں 14 فیصلوں پر اتفاق کیا گیا،جس میں سے ایک یہ ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اگلا اجلاس روس میں ہوگا۔
ایس سی او سمٹ کے موقع پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے چینی صدر شی جن پنگ،روسی صدر ولادی میر پیوٹن،کرغزستان کے صدر سوروونبے شریپوویچ نے ملاقاتیں کی۔
اجلاس کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی تنہا نظر آئے،انہیں کسی نے لفٹ نہ کرائی جبکہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن اجلاس، ڈنر اور گروپ فوٹو کے دوران عمران خان سے گفتگو کرتے رہے۔
چینی صدر اور پاکستانی وزیراعظم کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ سی پیک حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے،اس موقع پر چینی صدر نے علاقائی استحکام کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو تسلیم کیا۔عمران خان اور شی جن پنگ نے پاکستان چائناکمیونٹی کی تعمیر کے لئے تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا اور ساتھ ہی دونوں ممالک کی “تمام موسمیاتی اسٹریٹجک کوآپریٹو شراکت داری” کی توثیق کی۔