ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے خبردار کیا ہے کہ ایران جارحیت کرنے والے ملک کو تباہ کرنے کیلئے تیار ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد امریکہ نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی درخواست پر ان ممالک میں مزید فوجی دستے اور جنگی سازو سامان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکہ کے اس اقدام کے بعد ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی دارالحکومت تہران میں گرائے گئے امریکی ڈرونز کی نمائشی تقریب سے خطاب میں میجر جنرل حسین سلامی نے خبردار کیا کہ ایران جارحیت کرنے والوں کو تباہ کرنے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس ملک نے بھی ایران پر حملہ کیا اسے ہی میدان جنگ بنادیں گے۔ ہم کسی بھی جارحیت کرنے والے ملک کا مسلسل تعاقب کریں گے اور اس وقت تک تعاقب جاری رکھیں گے جب تک وہ مکمل طور پرتباہ نہ ہوجائے لہٰذا محتاط رہیں اور غلطی نہ کریں۔