امریکہ کی جانب سے ایران پر خفیہ سائبر حملے کا انکشاف ہوا ہے۔امریکی حکام کے مطابق سائبر آپریشن ستمبر کے آخر میں کیا گیا جس کا مقصد ایران کے پروپیگنڈہ پھیلانے کی صلاحیت کو ٹارگٹ کرنا تھا۔
ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ سائبر حملے سے ایران کے فزیکل ہارڈویئر کو نقصان پہنچا تاہم اس اہلکار کی جانب سے اس حوالے سے مزید کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سائبر حملہ اس بات کو واضح کرتا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کیسے ایران کو قابو کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 14 ستمبر کو سعودی عرب کی سرکاری آئل فیلڈز کے دو یونٹس پر ڈرون حملے کئے گئے تھے جن کا الزام سعودی عرب اور امریکہ نے ایران پر عائد کیا تھا جب کہ ایران نے ان تمام الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ کے پاس تمام شواہد موجود ہیں کہ سعودی آئل فیلڈ پر حملہ ایران سے کیا گیا جس کے ردعمل میں ایران کا کہنا تھا کہ اگر سعودی عرب یا امریکہ کی جانب سے ایران پر حملہ کیا گیا تو پھر بھرپور جنگ ہو گی۔