غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان میں امریکی ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کے نتیجے میں 2 امریکی اہلکار ہلاک ہو گئے۔افغان طالبان نے ہیلی کاپٹر کو تباہ کرنے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر افغانستان کے صوبے لوگر میں تباہ کیا گیا۔طالبان کےترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ امریکہ کے چنوک ہیلی کاپٹر کو گزشتہ رات لوگر کے علاقے پنگرام میں تباہ کیا گیا۔
امریکی فورسز نے ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں لیکن ابتدائی طور پر ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جن سے لگتا ہو کہ ہیلی کاپٹر کو طالبان نے تباہ کیا ہے۔
دوسری طرف افغانستان کی وزارت دفاع کی جانب سے بھی اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر ایسے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں کہ ہیلی کاپٹر کو طبالبان نے تباہ کیا ہو اور نا ہی ہیلی کاپٹر حادثے میں کوئی افغان اہلکار زخمی ہوا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی افغانستان نے دو غیر ملکی پروفیسرز کی رہائی کے بدلے تین طالبان رہنماؤں کو رہا کیا تھا۔
