امریکی عدالت نے چین کے لیے جاسوسی کے الزام میں سی آئی اے کے سابق افسر جیری شون شنگ لی کو 19 سال قید کی سزا سنادی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سی آئی اے کے سابق افسر جیری شون شنگ لی امریکہ کے ان تین سابق انٹیلی جنس افسران میں شامل ہوگئے جنہیں رواں سال چین کے لیے جاسوسی کرنے پر لمبی قید کی سزائیں سنائی گئیں۔
رائٹرز کے مطابق 55 سالہ شنگ لی 2007 میں سی آئی اے چھوڑ کر ہانگ کانگ منتقل ہوئے ۔ 2010 میں انہیں چین کے انٹیلی جنس افسران کودی جانے والی معلومات کے عوض ایک لاکھ ڈالر اور زندگی کی دیگر سہولیات فراہم کی گئیں اور 2010 سے 2013کے درمیان ان کے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں ہزاروں ڈالرز منتقل کیے گئے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ایف بی آئی نے 2012 میں ہواوے میں اس ہوٹل کے کمرے کی تلاشی لی جہاں شنگ لی رہائش پذیر تھا، اس کمرے سے ایف بی آئی کو ایک ایڈریس بُک، دن بھر کی پلاننگ کی ڈائری اور ہاتھ سے تحریر شدہ کچھ نوٹس ملے ۔نوٹس میں سی آئی اے کے اثاثوں کی تفصیلات، اہم آپریشنل میٹنگز کے مقامات، فون نمبرز اور دیگر معلومات شامل تھیں۔
