لیبیا کی حکومت اور ترکی کے درمیان طے پاجانے والے دفاعی معاہدے کے بعد انقرہ نے لیبین حکومت اور اس کی وفادار ملیشیاؤں کو اسلحہ کی نئی کھیپ کی فراہمی کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس معاہدے کے تحت ترک فوج لیبیا کی قومی وفاقی حکومت کی وفادار فورسز کو اپنے ہاں عسکری تربیت بھی فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ فوج اور بحری تعاون کو مستحکم کرنے کے حوالے سے ترکی اور لیبیا کی حکومت کے مابین معاہدے پر دستخط کے بعد انقرہ نے طرابلس میں سرگرم ملیشیائوں کی مدد کے لیے اسلحہ ، فوجی سازوسامان اور ڈرون طیارے اوردیگر سامان حرب وضرب کی ایک بڑی کھیپ روانہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
لیبیا میں قومی وفاق حکومت کے توپ خانے کے کمانڈر کرنل فرج مصطفیٰ خلیل نے بتایا کہ انقرہ نے دفاعی معاہدے کے تحت “غُصے کا آتش فشاں” آپریشن آگے بڑھانے کے لیے بھرپور عسکری امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
