ہالینڈ، نیدرلینڈز کا ایک خطہ ہے، جس میں مشہور ڈچ شہر ایمسٹرڈیم، روٹرڈیم اور دی ہیگ شامل ہیں۔ جنوری سے نیدرلینڈز، سرکاری طور پر اپنے تمام ادبی اور مارکیٹنگ مواد سے ’ہالینڈ‘ کا نام خارج کردے گا۔
واضح رہے کہ ہالینڈ، نیدرلینڈز کا ایک خطہ ہے، لیکن یہ نام اکثر و بیشتر نیدرلینڈز کی شناخت کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم جنوری سے نیدرلینڈز، سرکاری طور پر اپنے تمام ادبی اور مارکیٹنگ مواد سے ’ہالینڈ‘ کا نام خارج کردے گا، جس کے بعد ملک کو اس کے سرکاری نام ’نیدر لینڈز‘ سے پکارا جائے گا۔
سڈنی مارننگ ہیرالڈ کے مطابق اس ری برانڈنگ (نام خارج کرنے) پر دو لاکھ یوروز کی لاگت آئے گی، جو ملک کے تشخص کو دوبارہ اجاگر کرنے کی مہم کا ایک حصہ ہے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت پر سامنے آئی جب نیدرلینڈز یوروویژن سونگ کونٹیسٹ کی میزبانی کے ساتھ ساتھ 2020 میں ٹوکیو اولمپک گیمز میں شرکت کرنے جارہا ہے۔
ڈچ نیوز کی ایک خبر کے مطابق نارنجی ٹیولپ پر مشتمل علامت (لوگو) کو نیدرلینڈز کے حروف کے مطابق تبدیل کردیا گیا ہے، جو اب خصوصی ٹیولپ کی طرح نظر آتے ہیں۔ اس کی نقاب کشائی ڈچ وزیر تجارت سگریڈ کاگ نے گذشتہ ماہ کی تھی۔
