سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے قبرص کی اس کے علاقوں پرمکمل خود مختاری کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ منگل کے روز سعودی وزارتی کونسل کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر صدارت ہوا۔
سعودی میڈیا کےوزیرالشبانہ نےایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت مشرقِ وسطیٰ کے خطے میں رونما ہونے والے واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور وزارتی کونسل نے خطے میں سلامتی اوراستحکام کولاحق خطرات کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ کابینہ نے مملکت کے اس مؤقف کا بھی اعادہ کیا ہے کہ تمام فریق تنازعات کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی پاسداری کریں تاکہ بین الاقوامی سطح پر امن ، سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھا جاسکے۔
یاد رہے کہ قبرص کا اس وقت ترکی کے ساتھ علاقائی تنازع چل رہا ہے۔ترکی ایک ایسے علاقے میں تیل اور گیس نکالنے کے منصوبے پر کام کررہا ہے جو قبرص کا تسلیم کیا جاتا ہے اور قبرص کا کہنا ہے کہ ترکی کو وہاں سے تیل اور گیس نکالنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
