بین الافغان مذاکرات: امکانات اور خدشات
مہمان تحریر - سلیم صافی
الحمدللہ۔ ثم الحمدللہ۔ وہ موقع آن پہنچا جس کا افغانستان اور پاکستان کے ہر امن پسند انسان کو انتظار تھا۔ افغان حکومت اور طالبان کے نمائندے مذاکرات کی میز پر اس ہفتے قطر میں بیٹھ رہے ہیں۔ بالآخر باقاعدہ مذاکرات کا آغاز ہورہا ہے جس میں امریکہ اور پاکستان سہولت کاری کریں گے۔ یہ مرحلہ امریکہ اور طالبان کے مذاکرات سے بھی زیادہ اہم ہے۔
افغانوں کے آپس کے یہ مذاکرات کامیاب ہوئے تو افغانستان میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہو جائے گا اور اگر خاکم بدہن ناکام ہوئے تو نئی اور ماضی کی تباہیوں سے بڑی تباہی کی بنیاد پڑ جائے گی۔ یوں اس موقع پر تمام فریقوں (افغان حکومت، افغان پیس کونسل، طالبان اور پاکستان) کو عجلت سے بھی کام لینا ہوگا اور سنجیدگی سے بھی۔
ہٹ دھرمی کے بجائے مخالف فریق کی مجبوریوں کو بھی مدِنظر رکھنا ہوگا اور صرف اپنی بات منوانے کے بجائے امن اور صلح کی منزل کو ا...