ہفتے کی صبح عراق میں ایران نواز مليشيا کے ایک قافلے پر فضائی حملے کی اطلاعات ہیں۔ تازہ حملہ حشد الشعبی کے ایک طبی قافلے پر کیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس حملے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں ۔ عراقی فوج کے ایک ذریعے نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ حالیہ حملے میں چھے افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ عراقی سرکاری ٹيلی وژن نے اس حملے کا ذمہ دارامریکہ کو ٹھہرایا تھا ۔
دوسری جانب امریکہ کا کہنا ہے کہ اس نے جنرل قاسم سلیمانی کو نشانہ بنانے والے حملے کے ممکنہ ردِعمل کا مقابلہ کرنے کے لیے مشرقِ وسطیٰ میں مزید تین ہزار فوجی تعینات کردیے ہیں۔اس کے علاوہ برطانیہ نے اپنے شہریوں کو عراق کا سفر کرنے میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز امریکہ نے عراقی دارالحکومت بغداد کے ہوائی اڈے کے قریب ایران کی قدس فورسز کے میجر جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کو ایک فضائی کارروائی میں نشانہ بنایا تھا جس سے وہ موقعے پر ہلاک ہو گئے تھے