امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ایرانی فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کی عراق میں ہلاکت کے معاملے میں یورپی اتحادیوں نے امریکہ کی اتنی مدد نہیں کی، جتنی ان سے توقع کی جا رہی تھی۔ جبکہ ریاض کی جانب سے ’ٹھوس حمایت‘ پر امریکی وزیر خارجہ ٓنے اظہار تشکرکیا۔ اس واقعے کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے دنیا کے مختلف ممالک کے حکام سے بات کی۔
ایک امریکی نشریاتی ادارے سے بات چیت میں امریکی وزیر خارجہ پومپیو نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ڈیڑھ دن کے دوران کئی ممالک کے رہنماؤں سے رابطے کیے اور انہیں بتایا کہ یہ کارروائی کیوں کی گئی۔
پومپیو کا کہنا تھا کہ تمام ممالک کے ساتھ یہ گفتگو بہترین رہی، تاہم یورپی ممالک کی جانب سے جس تعاون کی توقع کی جا رہی تھی، وہ امریکہ کو نہ ملا۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سلیمانی کی ہلاکت کے احکامات جنگ روکنے کے لیے دیے گئے کیوں کہ قاسم سلیمانی امریکی مفادات اورامریکیوں پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔