فورٹ بریگ شمالی کیرولینا کے 600 فوجی نوجوان ان 3500 چھاتہ بردار فوجیوں کے دستے میں شامل ہیں جنہیں مشرق وسطیٰ بھیجا جا رہا ہے۔ ان کی پہلی منزل کویت، آخری منزل خفیہ ہے۔
صدر ٹرمپ کے حکم پر ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد کشیدگی کی نئی لہر کے پیش نظر 82 ویں ایئر بورن ڈویژن کی فوری مشرق وسطیٰ روانگی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ روانگی سے قبل کمانڈر میجر جنرل جیمز منگوئس ان فوجیوں سے ملے اور انہیں رخصت کیا۔ روانگی کے دوران چند نوجوان فوجی شرارتیں کرتے رہے، ادھیڑ عمر فوجی کچھ افسردہ دکھائی دیئے، ماضی میں بیرونی مشن پر جانےوالے ان کے کئی ساتھی معذور ہو کر لوٹے اور کئی تابوت میں واپس آئے تھے۔
مشرق وسطیٰ میں کی لڑائیوں میں پانچ مرتبہ حصہ لینے والے ریٹائرڈ فوجی برائن نائٹ نے کہا کہ یہ ایک مشن ہے، وہ 9/11 کی امریکی کال کا جواب دے رہے ہیں۔ کوئی نہیں جانتا کہ انہیں کتنے عرصہ کےلئے بھیجا جا رہا ہے۔ یہ ان کی زندگی کا مشکل ترین مرحلہ ہے۔ انہیں کہا گیا ہے کہ اپنےساتھ موبائل فون، ویڈیو گیمز یا ایسی کوئی ڈیوائس نہ لائیں جو اہل خانہ اور دوستوں کےساتھ رابطے کے لئے استعمال کی جا سکتی ہو۔ ایسی ڈیوائسز سے ان کی نقل و حرکت کی تفصیلات ظاہر ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک انفنٹری بریگیڈ ہیں، ہمارا مشن میدان میں لڑنا ہے۔
