امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر واضح کیا ہے کہ امریکہ اسے ایٹمی ہتھیار تیار نہیں کرنے دے گا۔ ہم نے اس کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایرانی حملے پر پالیسی بیان دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار تیار نہیں کرنے دیں گے۔ امریکی فوج ایران کی ایٹمی سرگرمیاں روکنے کے لیے ہر چیز کےلئے تیار ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی حملے میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا، ہمارے تمام فوجی محفوظ رہے اور کوئی امریکی زخمی نہیں ہوا لیکن فوجی اڈوں کو معمولی نقصان پہنچا۔ اس سلسلے میں پہلے ہی تیاری کی جا چکی تھی ۔ ارلی وارننگ سسٹم نے بہترین کام کیا۔ انھوں نے کہا کہ میرے دور میں 2.5 ٹریلین ڈالر سے امریکی فوج کو مضبوط کیا گیا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے حکم پر ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کیا گیا۔ سلیمانی امریکی مفادات پر حملے کی پلاننگ کر رہے تھے۔ انہوں نے ہی عراق میں موجود امریکی فوجیوں پر حملے کے احکامات دیے تھے۔ جنرل سلیمانی نے دہشت گرد اور حزب اللہ کو ٹریننگ دی، انھیں بہت پہلے ہی مار دینا چاہیے تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ ایران دنیا میں دہشت گردی کی معاونت کرتا رہا، اس کے رویے کو ایک حد تک برداشت کیا گیا۔ ایران نے یمن، لبنان، افغانستان اور عراق میں تباہی مچائی۔ ایران نے حالیہ دنوں میں 2 امریکی ڈرون بھی تباہ کیے۔ :اب معاملہ برداشت سے باہر ہو چکا تھا۔
انہوں نے اتحادی ممالک کی فوجوں (نیٹو) پر زور دیا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں اپنا کردار بڑھائیں۔ ماضی میں ایران کے ساتھ احمقانہ معاہدہ کیا گیا۔
