چینی حکام نے انسانی آبادی نقصان سے بچانے کے لیے مشرقی صوبے انہوئی میں سیلاب کا دباؤ کم کرنے کے لیے قیمتی ڈیم کا ایک حصہ دھماکے سے اُڑا دیا۔ چینی میڈیا کے مطابق مقامی آبادی کو بچانے کے لیے انہوئی میں دریائے چو پر قائم ڈیم کا ایک حصہ پانی کی سطح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر اسے دھماکے سے اُڑا دیا گیا۔
اقدام بروز اتوار کیا گیا جس کے بعد مقامی آبادی کو محفوظ ہونے کی خوشنید سنا دی گئی ہے۔ چینی اقدام سے پانی کی سطح میں تقریباً سوا دو فٹ یعنی 28 انچ کمی آنے کی توقع ہے، جبکہ ڈیم سے نکلنے والے پانی کا رخ علاقے میں موجود دو بڑے تالابوں کی جانب کردیا گیا ہے۔
چین کی وزارت برائے ہنگامی حالات کے مطابق ہفتے کے روز سے انہوئی صوبے میں 35 دریا اور جھیلوں میں پانی خطرناک سطح سے بلند ہوچکا ہے۔ جب کہ گزشتہ ایک ہفتے میں پانی کی سطح سیلابی خطرے کے نشان سے 49 فٹ بلند ہونے کے بعد چین کے سب سے بڑے تھری گورجز ڈیم کے تین دروازے بھی کھول دیے گئے۔