ریاستی میڈیا – ایران میں ایک اور بجلی گھر دھماکے سے متاثر ہوا ، حکام نے دھماکے کی وجہ ٹرانسفارمر قرار دے دیا۔
اس بار دھماکہ ایران کے وسطی حصے میں ایک بجلی گھر میں ہوا ہے۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ اس سے قبل بھی ایران میں اہم مقامات پر کئی دھماکے ہو چکے ہیں۔
اصفہان پاور کمپنی کے سی ای او نے سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر این اے کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوۓ بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا ایک ذیلی اسٹیشن ٹرانسفارمر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی وجہ دھماکے میں اڑ گیا۔ تاہم، آس پاس کا کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ۔ عہدیدار نے بتایا کہ بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹیں ریکارڈ نہیں کی گئیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تقریبا دو گھنٹوں کے بعد سب اسٹیشن دوبارہ کام کرنا شروع ہو گیا۔ خراب شدہ سامان کی مرمت اور تبدیلی کا کام جاری ہے۔
پچاس سال قبل تعمیر کیا گیا مزکورہ بالا بجلی گھر ایران کے وسطی صوبہ اصفہان میں قدیم ترین بتایا جاتا ہے۔
اصفہان کا دھماکا ایران کے اہم صنعتی مقامات ، توانائی کی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کو متاثر کرنے والے واقعات کے بڑھتے ہوۓ تسلسل کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ گذشتہ بدھ کو ، بندرگاہی شہر بوشہر میں ایک شپ یارڈ میں متعدد جہازوں کو آگ لگ گئی۔ 13 جولائی کو مشہد کے قریب انڈسٹریل زون میں آگ لگنے کی اطلاعات تھیں۔
حالیہ ہفتوں میں ملک بھر کے بجلی گھروں کو بھی اسی طرح کے واقعات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ 4 جولائی کو اہواز شہر میں واقع زرگن پلانٹ میں آگ لگ گئی۔ ایک اہلکار نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ آگ ٹرانسفارمر کی وجہ سے لگی تھی ، جو زیادہ گرمی کی وجہ سے پھٹ گیا۔