متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی جانب سےصہیونی ریاست کو قبول کرنے کے نتیجے میں ریاست فلسطین کے قیام کی اہمیت کم ہونے کے تاثر کو مسترد کردیا۔
عرب خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ یو اے ای اور صہیونی انتظامیہ کے درمیان باہمی تعلقات کا حالیہ معاہدہ فلسطین کی قیمت پر نہیں کیا۔ متحدہ عرب امارات فلسطینیوں کا دوسرا ملک ہے، عرب امارات بیت المقدس کو دارالحکومت بنائے جانے کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ ولی عہد کا کہنا تھا کہ صیہونی ریاست کے ساتھ معاہدہ ایک تذویراتی انتخاب ہے، سمجھوتہ نہیں۔
یاد رہے، گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات اور صہیونی انتطامیہ کے درمیان باہمی تعلقات قائم کرنے کے لیےامن معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت صہیونی افواج مزید فلسطینی علاقوں پر قبضہ نہیں کریں گی، اور دو طرفہ تعلقات کے لیے دونوں ممالک مل کر حکمت عملی بنائیں گے۔
معاہدے کے مطابق امریکہ اور متحدہ عرب امارات، صہیونی ریاست کو قبول کروانے کے لیے دیگر مسلم ممالک کو امادہ کرنے کی کوشش بھی کریں گے اور اس دوران مسلمان مقبوضہ بیت المقدس آ کر مسجد اقصیٰ میں نماز بھی ادا کر سکیں گے۔