لبنان میں معاشی صورتحال سے پریشان لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ لبنانی لیرا/پاؤنڈ کی قدر میں ملکی تاریخ کی بدترین گراوٹ ہوئی ہے جس کے باعث ملک کی معاشی صورتحال کا خانہ جنگی کے دور سے موازنہ کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ لبنانی پاؤنڈ میں گزشتہ کچھ ماہ میں 85٪ گراوٹ ہوئی ہے۔ ملک کا بیرونی قرضہ 90 ارب ڈالر کی حد پار کر گیا ہے، جو ملکی مجموعی پیداوار سے 170 گناء زیادہ ہے۔ جبکہ بیروت دھماکے، کورونا وباء اور سیاسی کشمکش کے باعث ملکی معیشت 20 فیصد سکڑ گئی ہے۔
ملک میں بگڑتی صورتحال کے باعث لوگوں کا جینا اجیرن ہو گیا ہے اور شہری سڑکوں پر حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسوگیس اور تشدد کا سہارا لے رہی ہے۔ مشرق وسطیٰ کے سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ کشیدگی خطے میں جاری جبری حکومتوں کے خلاف مزاحمتی تحریک کو نئی روح فراہم کر سکتی ہے۔