تیل برآمد کرنے والے ممالک کی بین الاقوامی تنظیم اوپیک کے مطابق کووڈ-19 وباء کے باعث ہونے والے عالمی معاشی نقصان کو پورا کرنے کے لیے آئندہ کچھ برسوں میں تیل کی طلب میں اضافے کا امکان ہے۔ تنظیم کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق تیل کی طلب میں یومیہ 17 لاکھ بیرل کا اضافہ متوقع ہے، جو 2023 تک 10 کروڑ 66 لاکھ تک بھی جا سکتا ہے۔
تنظیم کے سیکرٹری جنرل محمد بارکندو کے مطابق 2021 میں توانائی اور تیل کے طلب میں 2020 میں اچانک ہونے والی گراوٹ کے بعد اضافہ ہوا ہے، اور انکے اندازے کے مطابق طلب میں اضافے کا یہ سلسلہ لمبا عرصہ چلے گا۔
تنظیم کے اعدادوشمار کے مطابق اضافے کے اس رحجان کے باوجود 2030 میں تیل کی یومیہ طلب 2007 میں دیے گئے اندازے سے 6 لاکھ بیرل کم ہو گی۔ جس کی وجہ کاروں اور دیگر آسائش زندگی کا بجلی اور دیگر ذرائع توانائی پہ منتقل ہو جانا ہو گا، اوپیک کے مطابق تیل کی طلب 2035 تک اپنے مکمل عروج پر پہنچے گی اور پھر یہ کچھ عرصہ مساوی رہے گی۔
اوپیک رپورٹ کے مطابق 2045 میں تیل کی طلب 2044 کی نسبت 9 لاکھ کم ہو کر 10 کروڑ 82 لاکھ بیرل یومیہ ہو جائے گی، لیکن پھر بھی یہ توانائی کا سب سے بڑا ذریعہ ہو گا۔