مقبوضہ فلسطین پر قابض صیہونی انتظامیہ کی بیشتر ویب سائٹوں پر سائبر حملہ کیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق داخلی اور صیہونی آبادی کی بہبود کی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ وزیراعظم کے دفتر کی ویب سائٹ بھی ہیک کر کے اسے تلف کر دیا گیا ہے اور اب ان تک رسائی نہیں ہو پا رہی۔
صیہونی انتظامیہ نے سائبر ایمرجنسی لاگو کرتے ہوئے بیشتر حساس ویب سائٹوں کی سکیورٹی بڑھا دی ہے جبکہ ہیک کردہ ویب سائٹوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق عوامی خدمت اور معلومات کی حامل ویب سائٹیں بھی حملے کی زد میں ہیں۔
صیہونی انتظامیہ کے مطابق یہ اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ ہے اور اس کے پیچھے انتظامیہ کے اندر سے کوئی فرد یا بڑا ادارہ زمہ دار ہے۔ سائبر سکیورٹی انتظامیہ کے اہلکار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ تاحال حملہ آور کا پتہ نہیں چلایا جا سکا تاہم اس پر کام کیا جا رہا ہے۔
صیہونی صحافی حملے کا زمہ دار ایران کو ٹھہرا رہے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق گزشتہ ماہ ایرانی ہیکروں نے متعددنجی کمپنیوں اور ہوٹلوں کے سی سی ٹی وی کیمرے ہیک کر کے عوامی معلومات چوری کی تھیں۔
واضح رہے کہ ایران اور قابض صیہونی انتظامیہ میں گزشتہ کچھ ایام سے کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، صیہونی ریاست نے شام میں 2 ایرانی فوجی مارنے کا دعویٰ کیا تھا، جس پر ایران نے شام میں صیہونی تذویراتی مرکز پر میزائل حملہ کیا تھا۔