وزیراعلیٰ منی پور کونسل یمبین بائرن اور وزیرخارجہ و دفاع نارنگبم سمرجیت کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کے بھارت میں ہمارے لیے کوئی جگہ نہیں، مودی کے شدت پسندانہ خیالات کی وجہ سے ان کے ساتھ رہنا ناممکن ہے۔اس موقع پر انہوں نے منی پور کے مہاراجہ کی دستخط شدہ دستاویز بھی دکھائیں جن میں انہیں منی پور کا مسئلہ حل کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔
مہاراجہ منی پور کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ مہاراجہ آف منی پور لیشمبا ساناباؤجا ہی ہماری نئی اور آزاد ریاست کے حکمران ہوں گے۔ منی پور کونسل کے نمائندوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ ان کی جلا وطن حکومت کو تسلیم کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ منی پور کے لوگ بھارت کے جابرانہ قوانین میں رہنے پر مجبور ہیں اور وہاں پر بھارتی فوج کو خصوصی اختیارات دیے گئے ہیں جن کے باعث ریاست میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات عام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ آزادی کا اعلان اور عالمی برادری سے اس کی توثیق حاصل کرنے کا یہ مناسب وقت ہے۔ ہم اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ منی پور کی جلاوطن حکومت کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں۔