کیمیائی ہتھیاروں کے انسداد کے عالمی ادارے کی تحقیقاتی ٹیم کے ایک سابق ممبر نے سلامتی کونسل میں اقرار کیا ہے کہ شام کے شہر دومہ میں کیمیائی ہتھیار استعمال نہیں ہوئے۔
سلامتی کونسل میں بریفنگ کے دوران او پی سی ڈبلیو کے سابق افسر آئن ہینڈرسن کا کہنا تھا کہ ادارے کی حتمی رپورٹ ہماری ٹیم کی تحقیقات کے برعکس تھی۔ رپورٹ میں حقائق، نتائج اور تجزیوں کو نظر انداز کر دیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ شام کے شہر دومہ سے ملنے والے دو پراسرار سلنڈرز کے تجزیے سے یہ بات ثابت ہو رہی تھی کہ کیمیائی مواد استعمال نہیں ہوا اور نہ ہی سلنڈرز جہاز سے گرے تھے بلکہ حملے کی جگہ پر کسی طرح پہنچائے گئے تھے۔
واضح رہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کے انسداد کے عالمی ادارے نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ شام میں خانہ جنگی کے دوران کیمیائی ہتھیار استعمال ہوئے ہیں تاہم اب تحقیقاتی ٹیم کے ممبر نے ہی ان دعوؤں کی نفی کر دی ہے۔
خیال رہے کہ روس کی درخواست پر شام میں کیمیائی حملوں کے حقائق جاننے کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا گیا تھا جس میں شرکت کے لیے آئن ہینڈرسن بھی مدعو تھے لیکن انہیں امریکہ کی جانب سے ویزا جاری نہیں کیا گیا۔