بیجنگ نے امریکی بحریہ کے اس الزام کی تردید کی ہے کہ ایک چینی جنگی جہاز نے امریکہ کے پی۔8 اے پوسیڈن نگرانی کے طیارے پر بحیرہ جنوبی چین میں ” فوجی گریڈ” لیزر فائر کیا تھا جس سے جہاز کو نقصان پہنچا۔ چین کی وزارت دفاع نے اپنے وی چیٹ اکاؤنٹ پر ، گزشتہ ہفتے امریکی فوج کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی بحریہ کے دعوے “حقیقت کے مطابق نہیں ہیں”۔
چینی وزارت دفاع نے مزید کہا کہ چینی افواج علاقے میں معمول کی مشق کر رہی تھیں۔
واضح رہے کہ بحر الکاہل میں تعینات امریکی بحری بیڑے نے چین پرالزام عائد کیا تھا کہ جب امریکہ کا پوسیڈن نگران جہاز 17 فروری کو گام سے کوئی 380 میل مغرب میں “بین الاقوامی پانیوں” کے اوپر پرواز کر رہا تھا اس وقت چینی بحریہ نے لیزر کے ذریعے اس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی۔ امریکی بحریہ کے دعوے کے مطابق یہ لیزر “انسانی آنکھ کودکھائی نہیں دے رہا تھا لیکن اسے طیارے کے سینسروں نے پکڑ لیا اور سمندری جہازوں کے ساتھ ساتھ ہوائی جہاز کے نظام کو بھی شدید نقصان پہنچا یا ہے۔”
