اسرائیلی اورآسٹریلوی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دنیا بھر میں پھیلنے والی عالمی وبا کورونا کی ویکسین تیار کرلی ہے۔ آسٹریلیا میں ایس اسپائک نامی ویکسین تیار کرنے کا کارنامہ کوئنز لینڈ یونیورسٹی کے تین سائنسدانوں نے انجام دیا ہے جسے آزمائشی مرحلے میں چوہوں پر آزمایا جا رہا ہے جب کہ اگلے مرحلے میں انسانوں پر آزمایا جائے گا۔
طبی ماہرین کے مطابق ویکسین کی تیاری پر 20 سے 30 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی جبکہ بڑے پیمانے پر اس کی پیداواربھی مشکل ہوسکتی ہے ۔آسٹریلوی سائنسدانوں کے مطابق مذکورہ ویکسین کی طبی آزمائش میں ابھی چند مہینے درکار ہیں۔
اسرائیل کے وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اوفیر اکونیس نے بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین تیار کرنےمیں کامیابی ملنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہےکہ آئندہ 3 ماہ میں ویکسین کو انسانوں پر استعمال کیلئے تیار کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا سے 152 ممالک متاثر ہوچکے ہیں جس کے بعد کل کیسز کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 730 ہوگئی ہے جب کہ دنیا بھر میں اموات کی تعداد 5 ہزار 839 تک پہنچ گئی ہے۔
