مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ترکی میں نغمہ ریلیز کردیا گیا۔’ میرا نام کشمیر ہے’ کے عنوان سے یہ نغمہ انگریزی زبان میں دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا ہے جس کی ویڈیو میں بھارتی مظالم اور کشمیریوں کو آزادی کا مطالبہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ سوشل میڈیا پر یہ نغمہ تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔
یہ نغمہ ترکی کے نغمہ نگار اور موسیقار ترگے ایورین نے لکھا ہے اور اس کی موسیقی بھی انہوں نے ترتیب دی ہے جب کہ اس نغمے کو حال ہی میں اسلام قبول کرنے والی معروف امریکی گلوکارہ ڈیلا مائلز نے گایا ہے۔
ترک نغمہ نگار اور موسیقار ترگے ایورین کا کہنا ہے کہ یہ نغمہ آزادی سے محروم دنیا بھر کے مظلوم عوام کے لیے ہے ۔
گانے کو سب سے پہلے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ترک رکن پارلیمنٹ اور حکمران جماعت کے سیاست دان عزیز ببوشو نے شیئر کیا جس کے بعد نغمہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔
نغمے کی ویڈیو میں بھارتی فوج کے مظالم اور کشمیری عوام کی جدوجہد اور پاکستان سے محبت کی عکاسی کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس نغمے نے دھوم مچا دی ہے اس نغمے کو تیزی سے شیئر کیا جارہا ہے اور مظلوم کشمیری عوام کے لیے آواز اٹھانے پر ترک موسیقار کی تعریف کی جارہی ہے۔