ایران نے ملکی جیلوں میں مختلف معمولی جرائم میں قید 14 پاکستانیوں کو رہا کرتے ہوئے انہیں تفتان کے سرحدی دروازے پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا ہے۔ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کے حکام کے مطابق پاک ایران سرحدی مقام تفتان پر ایرانی حکام نے 14 پاکستانی قیدیوں کو حکام کے حوالے کیا ہے۔ خبر کی تفصیل کے مطابق رہا ہونے والے افراد ایران میں مختلف معمولی نوعیت کے مقدمات میں قید کی سزا کاٹ رہے تھے، جنہیں خیر سگالی کے تحت رہا کیا گیا۔
ایرانی سرحد پر ہونے والی دیگر نقل و حرکت میں 76 زائرین اور 149 غیر قانونی تارکین وطن بھی شامل ہیں۔ جنہیں پاکستانی حکام کے حوالے کیے گئے ہیں۔ سرحدی ذمہ داران کا کہنا ہے کہ تمام افراد کا طبی معائنہ کیا جائے گا اور پھر ہی انہیں شہری آبادی میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
اس سے قبل مارچ اور اپریل میں ایران سے پاکستان میں داخل ہونے والے متعدد زائرین کی کورونا ٹیسٹ کے بغیر شہری آبادی میں واپسی سے ملک میں کورونا کی وباء نے شدید نوعیت اختیار کر لی تھی جس پر وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری کا کردار ہونے کی خبریں سامنے آنے پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔