Shadow
سرخیاں
پولینڈ: یوکرینی گندم کی درآمد پر کسانوں کا احتجاج، سرحد بند کر دیخود کشی کے لیے آن لائن سہولت، بین الاقوامی نیٹ ورک ملوث، صرف برطانیہ میں 130 افراد کی موت، چشم کشا انکشافاتپوپ فرانسس کی یک صنف سماج کے نظریہ پر سخت تنقید، دور جدید کا بدترین نظریہ قرار دے دیاصدر ایردوعان کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں رنگ برنگے بینروں پر اعتراض، ہم جنس پرستی سے مشابہہ قرار دے دیا، معاملہ سیکرٹری جنرل کے سامنے اٹھانے کا عندیامغرب روس کو شکست دینے کے خبط میں مبتلا ہے، یہ ان کے خود کے لیے بھی خطرناک ہے: جنرل اسمبلی اجلاس میں سرگئی لاوروو کا خطاباروناچل پردیش: 3 کھلاڑی چین اور ہندوستان کے مابین متنازعہ علاقے کی سیاست کا نشانہ بن گئے، ایشیائی کھیلوں کے مقابلے میں شامل نہ ہو سکےایشیا میں امن و استحکام کے لیے چین کا ایک اور بڑا قدم: شام کے ساتھ تذویراتی تعلقات کا اعلانامریکی تاریخ کی سب سے بڑی خفیہ و حساس دستاویزات کی چوری: انوکھے طریقے پر ادارے سر پکڑ کر بیٹھ گئےیورپی کمیشن صدر نے دوسری جنگ عظیم میں جاپان پر جوہری حملے کا ذمہ دار روس کو قرار دے دیااگر خطے میں کوئی بھی ملک جوہری قوت بنتا ہے تو سعودیہ بھی مجبور ہو گا کہ جوہری ہتھیار حاصل کرے: محمد بن سلمان

آیا صوفیہ: حق داروں کو حق مل گیا

اکرم سہگل – مپمان تحریر

آبنائے باسفورس کے کنارے، جہاں بحیرۂ مرمر اور بحیرۂ اسود ملتے ہیں اور اسے یورپ و ایشیا کی سرحد کہا جاتا ہے، آیا صوفیا کی یہ عظیم الشان عمارت واقع ہے۔ استنبول کا شمار یوریشیا کے اہم ترین شہروں میں ہوتا ہے جس کی حدود دو براعظموں میں ہیں اور اس کی آبادی آج ڈیڑھ کروڑ ہوچکی ہے۔ 660قبل مسیح میں یہ شہر ’’بازنطین‘‘ کے نام سے آباد ہوا اور 330ء میں جب رومی شہنشاہ قسطنطین نے اسے سلطنت روما کا پایۂ تخت بنایا تو اس کا نام قسطنطنیہ ہوگیا۔ قسطنطین نے اس شہر اور اپنی سلطنت کو عیسائیت کا مرکز بنایا۔

جدید استنبول پر ہزار سالہ تاریخ کے نقوش آج بھی باقی ہے۔ 537ء میں رومی سلطنت کے دارالحکومت میں آیا صوفیا کے گرجے کی تعمیر ہوئی۔ یہ مشرقی روم کے بڑے گرجا گھروں میں شمار ہوتا تھا۔ 1935میں اسے مصطفی کمال اتاترک کی قائم کردہ جدید ترکی ریاست کے سیکیولرازم کی علامت کے طور پر عجائب گھربنا دیا گیا۔

ترک عدالت نے جب اس عمارت کو عجائب گھر بنانے کے اتاترک کے فیصلے کو منسوخ کیا تو اس کے فوری بعد ہی ترکی کے صدر طیب اردوان نے آیا صوفیہ کو مسجد کے طور پر بحال کردیا۔

اس عمارت کو یونیسکو نے عالمی ورثہ قرار دے رکھا تھا۔ اردوان کے فیصلے پر کئی حلقوں کی جانب سے کڑی تنقید کی گئی اور احتجاج کی صدائیں بھی بلند ہوئیں۔ روسی آرتھوڈوکس چرچ نے اس فیصلے کو ’’پوری مسیحی تہذیب‘‘ پر حملہ قرار دیا۔ یورپی یونین نے ترکی کے فیصلے پر ’’افسوس‘‘ کا اظہار کیا لیکن اس سے زیادہ کوئی تبصرہ نہیں کیا، تاہم بعض امریکی نیوز چینلوں نے ترکی کے خلاف باقاعدہ مہم چلائی۔

اسباب جو بھی رہے ہوں، یورپی یونین نے ترکی کو یورپ میں شامل نہ کرکے یہ موقع گنوا دیا۔ ایک صدی تک یورپ میں جگہ بنانے کی کوششوں میں ناکامی اور سرد جنگ کے دوران نیٹو کے لیے ڈھال بنے رہنے کے بعد صدر اردوان کی قیادت میں ترکی اپنی اصل کی طرف پلٹ رہا ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد ورلڈ آرڈر میں ایک نئے دشمن کی ضرورت کے تحت گزشتہ ایک صدی میں مسلمانوں کے خلاف منفی پراپیگنڈے کا احیا کیا گیا۔ اس کی وضاحت سیمیول ہنٹنگٹن کی ’’تہذیبوں کے تصادم‘‘ جیسی کتابوں سے ہوجاتی ہے۔

مغربی خفیہ اداروں کی مدد، اسلام کی تضحیک کے لیے سلمان رشدی جیسے لوگوں کی پشت پناہی اور شارلی ہیبڈو جیسے واقعات کا سہارا لے کر عالمی ’’اسلامی‘‘ دہشت گردی کا ہوّا کھڑا کیا گیا۔ کمال اتاترک نے یک طرفہ طور پر سطحی سیکیولرازم کو ترکی پر نافذ کرکے ترک عوام کی روح میں پیوست اسلامی علامتوں کو بیک جنبش قلم ممنوع قرار دے دیا۔ بالخصوص ترکی کے دیہی علاقے جہاں روایتی لباس زیب تن کیا جاتا تھا اور خواتین سرڈھانپتی تھیں، ان ثقافتی علامتوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔ عربی کی جگہ لاطینی رسم الخط رائج کیا گیا جس کے باعث آئندہ نسلوں کے لیے نہ صرف قرآن پڑھنا ناممکن ہوگیا بلکہ سلطنت عثمانیہ کے سقوط سے قبل لکھا اور چھپا ہوا کوئی ایک حرف بھی ان کے لیے ناقابل فہم بنادیا گیا۔ آیا صوفیہ کو نمازیوں کے لیے کھولنا اسی جبر سے نکلنے کی جانب ایک اور قدم ہے۔

امریکا، نیٹو، یورپی یونین اور پھر یونان کے معاملے پر صدر اردوان سے ہونے والے مسائل کی وجہ سے اس فیصلے کو بنیاد بنا کر ان کے خلاف فضا پیدا کی گئی۔ یونیسکو کو یہ فکر لاحق ہے کہ نماز کی ادائیگی سے عمارت کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ ہر سال لاکھوں سیاح آیا صوفیہ آتے ہیں اسے مقبول سیاحتی مقام تصور کیا جاتا ہے۔ اسے نمازیوں اور تاریخ و فن تعمیر میں دل چسپی رکھنے والے سیاحوں دونوں کے لیے یکساں طور پر کھلا رکھنا کوئی مشکل کام نہیں۔ دنیا میں ایسی کئی عمارتیں ہیں۔ عبادت کے وقت کے علاوہ جرمنی میں تمام گرجا گھر سیاحوں کے لیے کھلے رہتے ہیں۔ فرانس کا نوٹرڈیمس چرچ بھی سیاحوں کے لیے کھلا رہتا ہے۔ مسجد کا احترام ملحوظ رکھتے ہوئے استنبول میں بھی یہ ممکن ہے۔

قرطبہ کی مثال دیکھ لیجیے۔ میں جب مسجد قرطبہ گیا تو معلوم ہوا کہ یہ گرجے کے طور پر استعمال ہوتی ہے اور اس میں چارلس پنجم نے کلیسیائی محرابیں تعمیر کروائیں۔ مشہور ہے کہ اس نے اس پُرشکوہ عمارت کی بربادی دیکھ کر کہا تھا ’’ تم نے ایک منفرد عمارت کو برباد کرکے اسے عامیانہ بنا دیا ہے‘‘۔ جب میں نے بہت سادگی سے وہاں نماز پڑھنے کی اجازت مانگی تو بتایا گیا کہ ایسا کرنے پر مجھے گرفتار کرلیا جائے گا۔ حال ہی میں اسپین کے مسلمانوں نے اس وسیع عمارت میں نماز کی اجازت کے لیے کیتھولک چرچ سے رجوع کیا ہے اور اسلامک کونسل آف اسپین نے ویٹی کن میں باضابطہ درخواست بھی دائر کی ہے۔ اسپین میں چرچ کے منتظمین اور ویٹیکن نے اس اقدام کی مخالفت کی ہے۔ گرجے کے اس تنازعے سے ہسپانوی تاریخ و شناخت پر متضاد آرا واضح ہوجاتی ہیں۔

میرے عزیز دوست فرینک نیومن کے گزشتہ برس دنیا سے رخصت ہونے سے پہلے میں کئی بار بحیرہ روم کے نزدیک موریرا کی ایک چٹان پر تعمیر کیے گئے ان کے خوب صورت ولا میں ان سے ملنے جاچکا ہوں۔ فرینک بہت مہمان نواز تھے اور ہم نے اکٹھے اسپین کے کئی شہروں کی سیر کی ہے بلکہ اس علاقے میں مسلم اور یہودی ورثے کے ساتھ ساتھ مسیحی مذہبی یادگاروں کا بھی کھوج لگایا۔ فرینک نے ان شہروں میں مجھے کئی ایسی مساجد اور سنیگاگ کے بارے میں بتایا جنھیں گرجا گھروں میں تبدیل کردیا گیا۔ یہ عمارتیں آج بھی دل و دماغ پر نقش ہیں۔ مختلف مذاہب کی تاریخ کے بارے میں فرینک کی معلومات حیران کُن تھیں۔

غرناطہ کی فصیل پر کھڑے ہوکر فرینک نے مجھے یہودیوں اور مسلمانوں کے بنائے ہوئے کئی قلعے دکھائے جنھیں اسپین کے دفاع کے لیے استعمال کیا گیا۔ یہ باہمی اعتماد کی تحیر خیز علامتیں تھیں۔ یہ دیکھ کر اسرائیل اور فلسطین میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر  یقین کیا جاسکتا ہے؟ ماضی کی اصلاح تو ممکن نہیں اور نہ ہی ہم فاتحین کے پیدا کردہ حالات کو پلٹا سکتے ہیں۔ تاہم ہمیں امن کے ساتھ رہنا ہوگا جیسا کہ ہم اسپین میں رہ چکے ہیں۔ کمال اتاترک ایک عظیم آدمی تھے لیکن آیا صوفیہ کو عجائب گھر میں تبدیل کرکے انھوں نے جو خطا کی تھی اردوان نے اس کا ازالہ کیا ہے۔

پاکستان آج کل سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان کے والد ارطغرل کی داستان کے سحر میں مبتلا ہے۔ آیا صوفیہ کو مسجد بنانے والے سلطان محمد دوم انھی کے جانشینوں میں سے تھے۔ آیا صوفیہ کو مسجد کے طور پر بحال کرکے صدر اردوان اور ترک عوام نے صرف عثمانی تاریخ اور اسلامی شناخت پر اپنا حق دوبارہ حاصل کیا ہے۔

دوست و احباب کو تجویز کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

eleven + 1 =

Contact Us