امریکی سافٹ ویئر کمپنی مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی تنبیہ کے باوجود وہ معروف چینی ایپ ٹک ٹاک خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی کے خدشے کے پیشِ نظر ٹک ٹاک پر امریکہ میں پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چینی حساس ادارہ ٹک ٹاک کے ذریعے امریکیوں کی جاسوسی کر سکتا ہے۔
بیان کے بعد امریکی ذرائع ابلاغ میں چہ مگوئیاں گردش مین تھیں کہ شاید اب ٹرمپ کی تنبیہ کے بعد مائیکرو سافٹ کا ٹک ٹاک کو خریدنے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ جائے تاہم مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ کمپنی کے سی ای او نے صدر ٹرمپ سے بات کی ہے اور دونوں میں اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا ہے کہ چینی ایپلی کیشن ٹک ٹاک کی خریداری کے لیے بات چیت جاری رہے گی۔ اور اس سلسلے میں قومی سلامتی سے متعلق صدر ٹرمپ کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔